(Publish from Houston Texas USA)
(میاں افتخار احمد)
فیصل آباد: ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے ہدایت کی ہے کہ ایف ڈی اے کے تمام شعبوں میں مالیاتی نظم و نسق کو یقینی بنایا جائے اور حسابات کے اندراجات میں مکمل شفافیت اختیار کی جائے۔ انہوں نے ایڈیشنل ڈائریکٹر قیصر عباس رند کو مانیٹرنگ کی ذمہ داریاں سونپتے ہوئے کہا کہ شعبہ فنانس میں آمدن و خرچ کی تفصیلات کو روزانہ کی بنیاد پر انتہائی باریک بینی اور ذمہ داری سے چیک کیا جائے۔
مالیاتی امور کا جائزہ لینے کے لیے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل کی صدارت میں اجلاس منعقد ہوا جس میں متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی کہ محکمانہ امور میں مختلف فیسوں اور واجبات کی وصولیوں کی درست تشخیص کے لیے مؤثر اور جامع حکمت عملی اپنائی جائے اور اس ضمن میں دوہری پڑتال کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس کے صدر نے زور دیا کہ واجبات کی وصولی و ادائیگی کے لیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے طریقہ کار پر عملدرآمد میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے آن لائن وصولی کے لیے جاری کردہ ای چالان میں فیسوں کے تمام اندراجات کو توجہ سے چیک کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے خبردار کیا کہ مالیاتی امور میں کسی بھی قسم کی بددیانتی، بد نظمی یا بے قاعدگی کو قطعاً برداشت نہیں کیا جائے گا، لہٰذا تمام ریکارڈ کو اپ ڈیٹ رکھا جائے۔
اجلاس میں ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ اسماء محسن، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج، ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس افضال انصاری، اسسٹنٹ ریکوریز میاں اختر اور دیگر افسران نے شرکت کی۔
