(Publish from Houston Texas USA)
(میاں افتخار احمد)
425 ملین روپے ماہانہ ہدف، کمرشل صارفین سے سخت ریکوری اور سست روی ناقابلِ برداشت قرار
فیصل آباد: مینیجنگ ڈائریکٹر واسا فیصل آباد ثاقب رضا نے ریونیو ریکوری کا ماہانہ بجٹ ٹارگٹ ہر صورت حاصل کرنا لازمی قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اہداف کے حصول میں کسی قسم کی سست روی برداشت نہیں کی جائے گی۔ وہ ریونیو ڈائریکٹوریٹس کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں انہوں نے کہا کہ واسا فیصل آباد کے سالانہ بجٹ میں ریونیو ریکوری کے لئے 425 ملین روپے ماہانہ ہدف مقرر ہے، اس لئے بجٹ ٹارگٹ کے مطابق ریکوری کرنا وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔
ایم ڈی واسا نے دوٹوک انداز میں کہا کہ ریونیو افسران اور سٹاف کے لئے مقررہ بجٹ ٹارگٹ پورا کرنا لازمی ہوگا اور اس سے کم کارکردگی کسی صورت قابل قبول نہیں ہوگی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کمرشل صارفین سے ریونیو ریکوری پر خصوصی توجہ مرکوز رکھی جائے اور اگر کوئی کمرشل صارف بلز یا واجبات کی ادائیگی سے انکار کرے تو پیرا فورس سے معاونت حاصل کی جائے۔
مینیجنگ ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ اگر کسی سب ڈویژن یا علاقے میں سیوریج یا واٹر سپلائی کے مسائل کے باعث ریونیو ریکوری متاثر ہو رہی ہے تو آپریشنز ڈائریکٹوریٹ کو فوری طور پر آن بورڈ لیا جائے تاکہ نکاسی آب اور پانی کی فراہمی کے مسائل فوری حل کئے جا سکیں۔ اس اقدام سے ایک جانب شہریوں کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی جبکہ دوسری جانب ریونیو ریکوری میں نمایاں اضافہ ممکن ہو سکے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ ریونیو ریکوری میں بہتری کی صورت میں ریونیو افسران اور سٹاف کو مزید سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ اجلاس میں ڈپٹی مینیجنگ ڈائریکٹر ایڈمن شعیب رشید، ڈی ایم ڈی او اینڈ ایم عثمان ضیا، ڈائریکٹر آئی اینڈ سی شہریار حسن، ڈائریکٹرز ریونیو محمد اقبال ملک اور عمر افتخار سمیت دیگر افسران نے شرکت کی
