(Publish from Houston Texas USA)
(راجہ محمد ایوب کارسپابڈنٹ منڈی بہاؤالدین
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد جعفر چوہدری کی زیرصدارت وزیراعلیٰ پنجاب گڈ گورننس انیشی ایٹیوز کے تحت ایک اہم اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مختلف سرکاری محکموں کی کارکردگی جانچنے، حکومتی سروسز کی بہتری اور مؤثر نگرانی کے لیے مقرر کردہ کے پی آئیز (Key Performance Indicators) کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جبکہ بورڈ آف ریونیو کے کے پی آئیز پر عملدرآمد کا بھی بغور جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں متعلقہ محکموں کے سربراہان نے اپنی اپنی کارکردگی، اہداف کے حصول، درپیش مسائل اور بہتری کے لیے کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر سرکاری خدمات کی بروقت فراہمی، شفافیت، عوامی سہولت اور گڈ گورننس کے اصولوں پر عملدرآمد کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو چوہدری محمد جعفر کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق تمام محکمے اپنی کارکردگی کو بہتر بنائیں اور مقررہ کے پی آئیز کے تحت اہداف کے حصول کو یقینی بنائیں۔ عوامی خدمات میں بہتری، شکایات کے فوری ازالے اور ادارہ جاتی نظم و ضبط پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ بورڈ آف ریونیو سمیت تمام محکمے باہمی رابطے کو مزید مضبوط بنائیں اور کارکردگی کے اشاریوں پر سو فیصد عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ عوام کو بہتر اور معیاری سرکاری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
