(Publish from Houston Texas USA)
(میاں افتخار احمد)
فیصل آباد : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق شہریوں کو منظم اور باسہولت پارکنگ کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے فیصل آباد میں اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پارکنگ کمپنی کے زیراہتمام شہر بھر میں قائم 110 نوٹیفائیڈ پارکنگ پوائنٹس کو مزید منظم، خوبصورت اور شہری ضروریات کے مطابق بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر فیصل آباد نے ہدایت کی کہ تمام پارکنگ سائٹس پر روڈ مارکنگ، واضح سائن بورڈز اور سنگل لین پارکنگ کو یقینی بنایا جائے جبکہ پارکنگ چارجز کا ازسرنو تعین کیا جائے۔ انہوں نے نئے پارکنگ پوائنٹس کے قیام کے لیے جامع رپورٹ مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ شہر میں بڑھتی ہوئی ٹریفک اور پارکنگ کے مسائل کا مؤثر حل نکالا جا سکے۔ کمشنر راجہ جہانگیر انور نے واضح کیا کہ پارکنگ کمپنی کے نوٹیفائیڈ پوائنٹس کے علاوہ غیر قانونی پارکنگ کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی اور اس ضمن میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اجلاس میں کینال روڈ پر ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے یوٹرنز اور پلوں پر جرسی بیرئیر لگانے کے اقدامات پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی، تاکہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے
