امریکا ایران کشیدگی میں پاکستان کا امن سفارتکاری کردار دنیا میں مثال ہے
سینیٹر خلیل طاہر سندھو اور شاہد رحمت کا مکالمہ، نوجوانوں کی شمولیت اور بین المذاہب ہم آہنگی پر زور
ہونولولو، امریکا : جنوبی ایشیا میں پرامن معاشروں کے قیام سے متعلق عالمی کانفرنس “ریلیجن اینڈ ہیومن فلرشنگ: بلڈنگ پاتھ ویز ٹو پیس فل سوسائٹیز ان ساؤتھ ایشیا” میں پاکستان کے نمائندوں سینیٹر خلیل طاہر سندھو اور یوتھ ڈیولپمنٹ فاؤنڈیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر شاہد رحمت نے شرکت کرتے ہوئے عالمی سطح پر پاکستان کے بڑھتے ہوئے سفارتی اور امن سازی کردار کو اجاگر کیا جہاں انہوں نے پالیسی سازوں، مذہبی رہنماؤں اور ماہرین سے خطاب کیا سینیٹر خلیل طاہر سندھو نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان خطے اور دنیا میں تنازعات کے حل کے لیے ایک پل کا کردار ادا کر رہا ہے بالخصوص امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی میں پاکستان نے ثالثی کی اہم ذمہ داری نبھاتے ہوئے دونوں فریقین کے درمیان پیغامات کی ترسیل، مذاکرات کے فروغ اور جنگ بندی کی کوششوں میں کردار ادا کیا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کاوشوں نے ایک حساس اور غیر مستحکم خطے میں کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کے لیے فضا ہموار کرنے میں مدد دی ہے اگرچہ اس عمل میں چیلنجز اور رکاوٹیں موجود ہیں تاہم پاکستان اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا مؤقف واضح ہے کہ مکالمہ، سفارتکاری اور باہمی احترام ہی پائیدار امن کا واحد راستہ ہیں اور پاکستان اس کردار کو محض سیاسی نہیں بلکہ عالمی استحکام اور انسانی وقار کے لیے اپنی ذمہ داری سمجھتا ہے اس موقع پر شاہد رحمت نے بطور پینلسٹ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امن کا قیام صرف اعلیٰ سطحی سفارتی مذاکرات سے ممکن نہیں بلکہ اس کے لیے معاشرے کی سطح پر بھی کوششیں ضروری ہیں انہوں نے نوجوانوں اور سول سوسائٹی کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دیرپا امن کے لیے نوجوانوں کو مثبت سوچ، برداشت اور ہم آہنگی کے فروغ میں شامل کرنا ناگزیر ہے انہوں نے یوتھ ڈیولپمنٹ فاؤنڈیشن کے تجربات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ تنظیم نفرت کے خاتمے، بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور نوجوانوں کو انتہاپسندی سے بچانے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ امن صرف مذاکراتی میز پر نہیں بلکہ معاشرتی سطح پر تعمیر ہوتا ہے اور نوجوانوں کو بااختیار بنا کر ہی ایک پائیدار اور پرامن مستقبل ممکن بنایا جا سکتا ہے عالمی کانفرنس میں پاکستانی نمائندوں کی شرکت نے اس امر کو اجاگر کیا کہ پاکستان تعمیری سفارتکاری، بین المذاہب ہم آہنگی اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے سنجیدہ اور فعال کردار ادا کر رہا ہے اور پیچیدہ عالمی تنازعات میں ایک ذمہ دار اور امن دوست ملک کے طور پر ابھر رہا ہے
