میزئی اڈہ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ، ملک داد محمد کاکڑ سمیت 5 افراد جاں بحق، 2 زخمی
میزئی اڈہ/چمن (سید سردار محمد خوندئی): میزئی اڈہ میں نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں ملک داد محمد کاکڑ سمیت 5 افراد جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے جبکہ لواحقین اور اہل علاقہ نے شدید احتجاج شروع کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ گزشتہ رات نادرا مارکیٹ کے علاقے میں پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر دی اور واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ فائرنگ کے نتیجے میں 5 افراد موقع پر جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
واقعے کے خلاف مشتعل مظاہرین اور اہل علاقہ نے کوئٹہ چمن قومی شاہراہ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا، جس کے باعث دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور ٹریفک کی روانی مکمل طور پر معطل ہو گئی۔

مظاہرین نے جاں بحق افراد کی میتیں دفنانے کے بجائے احتجاجی مقام پر رکھ کر مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کر کے سخت سزا دی جائے اور متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کیا جائے۔
شاہراہ کی بندش کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ علاقے میں کشیدگی برقرار ہے۔ انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام مظاہرین سے مذاکرات کی کوششیں کر رہے ہیں تاکہ شاہراہ کو ٹریفک کے لیے بحال کیا جا سکے۔
سماجی، قبائلی اور عوامی حلقوں نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کی جائیں، ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنایا جائے۔
مقامی ذرائع کے مطابق احتجاج جاری ہے اور مظاہرین اپنے مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رکھنے پر قائم ہیں