عید الاضحیٰ قربانی، محبت اور قومی یکجہتی کا پیغام ہے: بشپ ڈاکٹر اندریاس رحمت
ملکی سلامتی، کشمیر و فلسطین کی آزادی اور قومی خوشحالی کیلئے خصوصی دعاؤں کی اپیل، اختلافات بھلا کر اتحاد و ترقی کی راہ اپنانے پر زور
فیصل آباد: بشپ ڈاکٹر اندریاس رحمت نے عید الاضحیٰ کے پرمسرت اور بابرکت موقع پر تمام پاکستانی مسلمان بہن بھائیوں کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید الاضحیٰ حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسماعیلؑ کی عظیم قربانی، اطاعت، ایثار اور انسانیت کی خدمت کا درس دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عظیم تہوار صرف جانور قربان کرنے کا نام نہیں بلکہ اپنی خواہشات، نفرتوں، اختلافات اور انا کو قربان کر کے محبت، بھائی چارے اور انسان دوستی کو فروغ دینے کا پیغام دیتا ہے۔
بشپ ڈاکٹر اندریاس رحمت نے کہا کہ پاکستان مختلف مذاہب، ثقافتوں اور روایات کا خوبصورت گلدستہ ہے اور ایسے خوشیوں بھرے مواقع ہمیں ایک دوسرے کے قریب آنے، محبت بانٹنے اور قومی اتحاد کو مضبوط بنانے کا بہترین موقع فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمیں بطور قوم اس عزم کی ضرورت ہے کہ ہم ہر قسم کے تعصبات، نفرتوں اور اختلافات کو پس پشت ڈال کر وطن عزیز کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کیلئے متحد ہو جائیں کیونکہ مضبوط اور پرامن پاکستان ہی ہم سب کا مشترکہ خواب ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی ایک عظیم نعمت ہے اور ہمیں اس کی قدر کرتے ہوئے اس کی سلامتی، بقا اور ترقی کیلئے اپنی اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئیں۔ اس موقع پر انہوں نے دعا کی کہ خداوندِ عالم پاکستان کو ہمیشہ قائم و دائم رکھے، اسے امن، ترقی، خوشحالی اور بھائی چارے کا گہوارہ بنائے اور وطن عزیز کو ہر قسم کے اندرونی و بیرونی خطرات سے محفوظ رکھے۔
بشپ ڈاکٹر اندریاس رحمت نے کہا کہ عید کے اس مبارک موقع پر ہمیں ان عظیم قومی معماروں، شہداء اور محافظوں کو بھی ہرگز فراموش نہیں کرنا چاہئے جنہوں نے وطن عزیز کی حفاظت، تعمیر و ترقی، استحکام اور سربلندی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج، قانون نافذ کرنے والے اداروں، قومی خدمت انجام دینے والے افراد اور تمام محب وطن پاکستانیوں کی قربانیاں ہمیشہ قوم کیلئے باعث فخر رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں عید کی خوشیوں میں اپنے اردگرد موجود غریب، نادار، یتیم، بیمار اور ضرورت مند افراد کو بھی شامل کرنا چاہئے کیونکہ حقیقی خوشی دوسروں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیرنے میں پوشیدہ ہے۔ ان کے مطابق باہمی احترام، مذہبی ہم آہنگی اور انسانیت سے محبت ہی ایک مہذب اور کامیاب معاشرے کی بنیاد ہے۔
بشپ ڈاکٹر اندریاس رحمت نے پاکستانی قوم سے اپیل کی کہ وہ عید الاضحیٰ کے اس مقدس موقع پر مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی آزادی، امن اور سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کریں اور دنیا بھر میں ظلم، جبر اور ناانصافی کے خاتمے کیلئے بھی دعاگو رہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم ہمیشہ انسانیت، امن، رواداری اور بھائی چارے کی علمبردار رہی ہے اور مستقبل میں بھی یہی جذبہ ملک کو ترقی اور استحکام کی نئی منزلوں تک پہنچائے گا۔