عیدالاضحیٰ ایثار، محبت اور خدمتِ خلق کے جذبے کو فروغ دینے کا پیغام دیتی ہے: پروفیسر ڈاکٹر رؤف اعظم

فیصل آباد (میاں افتخار احمد): گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رؤف اعظم نے عیدالاضحیٰ کے پُرمسرت موقع پر فیکلٹی ممبران، یونیورسٹی سٹاف، طلبہ و طالبات اور پوری امتِ مسلمہ کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ صرف ایک مذہبی تہوار ہی نہیں بلکہ ایثار، قربانی، محبت، بھائی چارے، صبر، برداشت اور خدمتِ انسانیت کا عظیم پیغام بھی اپنے اندر سموئے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مبارک دن ہمیں اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے اپنی خواہشات، مفادات اور انا کو قربان کرنے کا درس دیتا ہے۔

اپنے خصوصی عید پیغام میں وائس چانسلر نے کہا کہ حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسماعیلؑ کی عظیم قربانی رہتی دنیا تک مسلمانوں کے لیے اطاعت، وفاداری اور قربانی کی روشن مثال ہے۔ عیدالاضحیٰ ہمیں یاد دلاتی ہے کہ انسان کی اصل کامیابی صرف اپنی ذات تک محدود نہیں بلکہ دوسروں کی خوشیوں اور آسانیوں میں مضمر ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں معاشرتی ہم آہنگی، رواداری اور باہمی احترام کی جتنی ضرورت ہے شاید پہلے کبھی نہ تھی، اس لیے ہمیں چاہیے کہ عید کے موقع پر اپنے اردگرد موجود غریب، نادار، یتیم اور مستحق افراد کو بھی اپنی خوشیوں میں شامل کریں تاکہ حقیقی معنوں میں عید کی روح کو زندہ رکھا جا سکے۔

پروفیسر ڈاکٹر رؤف اعظم نے کہا کہ جامعات محض تعلیمی ادارے نہیں بلکہ کردار سازی، قومی شعور اور انسانی اقدار کے فروغ کے مراکز بھی ہوتی ہیں۔ طلبہ و طالبات کو چاہیے کہ وہ عیدالاضحیٰ کے پیغام کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں اور ایثار، دیانت، محبت اور خدمتِ خلق جیسی اعلیٰ اقدار کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل پاکستان کا روشن مستقبل ہے اور اگر نوجوان مثبت سوچ، محنت اور قومی جذبے کے ساتھ آگے بڑھیں تو ملک کو ترقی کی نئی منزلوں تک پہنچایا جا سکتا ہے۔ وائس چانسلر نے زور دیا کہ عیدالاضحیٰ کا اصل پیغام انسانیت کی خدمت، دلوں کو جوڑنے اور نفرتوں کو ختم کرنے میں پوشیدہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے رویوں میں نرمی، برداشت اور ہمدردی پیدا کرنی چاہیے اور معاشرے میں محبت، امن اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔ اجتماعی خوشی اسی وقت ممکن ہے جب معاشرے کے تمام طبقات کو یکساں عزت، احترام اور مواقع میسر ہوں۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رؤف اعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ عیدالاضحیٰ کے بابرکت لمحات پوری قوم کے لیے خیر، برکت اور خوشحالی کا باعث بنیں گے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن، استحکام، اتحاد اور معاشی ترقی عطا فرمائے، قوم کو درپیش مشکلات آسان کرے اور ہمیں ایک دوسرے کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

آخر میں پروفیسر ڈاکٹر رؤف اعظم نے تمام اساتذہ، ملازمین، طلبہ و طالبات، والدین اور اہلِ وطن کو دل کی گہرائیوں سے عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ مبارک دن سب کے لیے خوشیوں، کامیابیوں اور رحمتوں کا پیغام لے کر آئے۔

انہوں نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا: “عید مبارک”