عوام کی غیر متزلزل حمایت سے افواج پاکستان اپنے سرزمین کا دفاع جانتے ہیں۔ سید عاصم منیر

دہشت گردی اور بدامنی کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔ سید عاصم منیر

 فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (عسکری)، ہلالِ جرأت، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ میں زیر تربیت افسران اور تدریسی عملے سے خطاب کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ادارے کے اعلیٰ تربیتی معیار، علمی گہرائی اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ ہمیشہ عسکری تربیت میں نمایاں مقام رکھتا ہے اور یہاں سے فارغ التحصیل افسران اپنی غیر معمولی کارکردگی کے باعث اہم خدمات سرانجام دیتے رہے ہیں۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جدید جنگ کی بدلتی ہوئی نوعیت پر روشنی ڈالتے ہوئے ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز، مشترکہ عسکری حکمت عملی اور مستقبل کے میدان جنگ کے تقاضوں سے ہم آہنگ رہنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ خود کو اور اپنی افواج کو مسلسل تربیت دیتے رہیں تاکہ ہر قسم کے چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے اور پیشہ ورانہ برتری برقرار رکھی جا سکے۔

بعد ازاں انہوں نے بلوچستان میں تعینات فارمیشنز کے افسران اور جوانوں سے ملاقات کی اور موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج عوام کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ دہشت گردی اور بدامنی کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رکھیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور استحکام کو جھوٹے پروپیگنڈے، منفی مہمات یا بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے ذریعے روکا نہیں جا سکتا۔

فیلڈ مارشل نے واضح کیا کہ پاکستان کے خلاف پراکسیز اور منفی پروپیگنڈے کے ذریعے ریاست کو کمزور کرنے کی تمام کوششیں عوامی اتحاد اور ریاستی طاقت کے باعث ناکام ہوں گی۔ انہوں نے بلوچستان میں پائیدار امن اور استحکام کیلئے عوامی فلاح، بہتر طرز حکمرانی، جامع ترقیاتی عمل اور مؤثر سیکیورٹی اقدامات کی اہمیت پر بھی زور دیا اور حکومت بلوچستان کی عوامی فلاح و بہبود کیلئے جاری کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے بلوچستان میں امن، استحکام اور ریاستی عملداری برقرار رکھنے کیلئے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے، عملی تیاری اور پیشہ ورانہ وابستگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان ہر قیمت پر ملکی دفاع اور قومی سلامتی یقینی بنائیں گی۔

قبل ازیں کوئٹہ پہنچنے پر چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس اسٹاف کا استقبال کمانڈر کوئٹہ کور نے کیا