مظلوم عوامی تحریک کے مرکزی، صوبائی اور ضلعی عہدیداران کے ایک اہم مشترکہ اجلاس میں سینئر صحافی اسلم خان اچکزئی کو اتفاقِ رائے سے مظلوم عوامی تحریک بلوچستان کا صوبائی صدر منتخب کر لیا گیا۔
اجلاس مرکزی صدر عباس خان درانی کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں پارٹی کے مرکزی، صوبائی اور ضلعی ذمہ داران نے بھرپور شرکت کی۔ اجلاس کے دوران مشاورت کے بعد صوبائی صدر کے عہدے کے لیے اسلم خان اچکزئی کا نام پیش کیا گیا، جسے تمام شرکاء نے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔
اس موقع پر مرکزی صدر عباس خان درانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلم خان اچکزئی نے پارٹی کے لیے ہمیشہ مخلصانہ، انتھک اور گرانقدر خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے ماضی میں صوبائی جنرل سیکرٹری کی حیثیت سے بھی کامیابی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھائی ہیں۔
عباس خان درانی نے امید ظاہر کی کہ اسلم خان اچکزئی اپنی قائدانہ صلاحیتوں، تجربے اور سیاسی بصیرت کے ذریعے پارٹی کو مزید مضبوط، منظم اور فعال بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
اجلاس کے شرکاء نے نومنتخب صوبائی صدر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور پارٹی کی ترقی و استحکام کے لیے ان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔
نومنتخب صوبائی صدر اسلم خان اچکزئی نے اپنے خطاب میں پارٹی قیادت اور کارکنان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان پر جس اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے، وہ اس کے لیے تہہ دل سے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصب ان کے لیے اعزاز کے ساتھ ساتھ ایک بڑی ذمہ داری بھی ہے۔
انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ پارٹی چیئرمین، مرکزی قیادت اور کارکنان کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے اور مظلوم عوامی تحریک کو مزید منظم، متحرک اور عوامی قوت بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔