حقیقی جمہوریت کے بغیر تمام زور آور قوتوں کے تمام تجربے ناکام ہو چکے ہیں۔ اصغر خان اچکزئی

 عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی نے کہا ہے کہ حقیقی جمہوریت کو بحال کئے بغیر کوئی بھی ایڈونچر کامیابی سے ہم کنار نہیں ہوسکتا۔ منظم منصوبہ بندی کے تحت سیاسی قوتوں کو کمزور اور انہیں آپس میں دست و گریباں رکھا گیا جبکہ بدامنی، انتہاپسندی اور دہشت گردی مسلط کر کے وسائل کو لوٹنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی انتظامی بنیادوں پر صوبوں کی تقسیم کو قوموں کی تاریخی اور ثقافتی شناخت مٹانے کی مذموم کوشش سمجھتی ہے جسے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں لاؤ لشکر اور مسلح جتھوں کو کھلی چھوٹ دے کر برادر قبائل کو آپس میں لڑانے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ اس کی آڑ میں مخصوص مقاصد حاصل کئے جا سکیں، تاہم اے این پی رواداری، بھائی چارے اور جمہوری اقدار کے فروغ کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے سٹی تحصیل کے تمام ذمہ داران کو شاندار ورکرز کنونشن کے انعقاد پر خراج تحسین بھی پیش کیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوامی نیشنل پارٹی تحصیل چمن سٹی کے زیر اہتمام ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ورکرز کنونشن سے صوبائی جنرل سیکرٹری مابت کاکا، مرکزی ایڈیشنل ڈپٹی سیکرٹری جاوید کاکڑ، رکن مرکزی کمیٹی ڈاکٹر عبدالصمد اچکزئی، صوبائی کلچر سیکرٹری حضرت علی اچکزئی، ضلعی صدر عبدالخالق حقمل، تحصیل سٹی صدر گل جانو، جنرل سیکرٹری محمد علی مدلا، چیئرمین گل زمان، صابر خان، شراف الدین صاحب اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ کنونشن کی صدارت تحصیل سٹی صدر گل جانو نے کی۔

اس سے قبل تحصیل سٹی کی کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی جس پر شرکا نے سیر حاصل بحث کرتے ہوئے آئندہ تنظیمی فعالیت کیلئے تجاویز پیش کیں۔ مقررین نے کہا کہ پارٹی کارکن عوامی نیشنل پارٹی کا اصل سرمایہ ہیں اور کارکنوں کی سیاسی و تنظیمی تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ وہ عوام کو درپیش قومی و معاشی مسائل اور قومی حقوق کے تحفظ کیلئے مؤثر کردار ادا کر سکیں۔

مقررین نے کہا کہ بنیادی یونٹس، تحصیل اور ضلعی سطح کے عہدیداران کے درمیان مضبوط رابطہ اور عوام کے ساتھ قریبی تعلق کامیابی کی ضمانت ہے، لہٰذا ذمہ داران بنیادی سطح پر عوامی مسائل سے آگاہی حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے ہمیشہ اصولی سیاست، جمہوری روایات، آئینی بالادستی اور محکوم اقوام کے حقوق کیلئے جدوجہد کی ہے اور آئندہ بھی ہر فورم پر عوام کے حقوق کی آواز بلند کرتی رہے گی۔

مقررین نے کہا کہ موجودہ حالات میں سیاسی کارکنوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ عوام میں شعور و آگاہی پیدا کریں اور نوجوان نسل کو مثبت سیاسی عمل کی جانب راغب کریں۔ انہوں نے ذمہ داران پر زور دیا کہ وہ وطن کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔ آخر میں مقررین نے کہا کہ صدر تحصیل سٹی کے کامیاب کنونشن کے انعقاد سے ژڑہ بند تحصیل ورکرز کنونشن کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے، لہٰذا 7 جون کو ژڑہ بند ورکرز کنونشن کو کامیاب بنانے کیلئے بھرپور تیاریوں کو یقینی بنایا جائے۔