افواجِ پاکستان سرزمین کے دفاع کیلئے اپنی جانوں پر کھیل جائیں گی، برگیڈیئر شکیل احمد

آل بلوچستان “بنیان المرصوص معرکۂ حق” کرکٹ ٹورنامنٹ کا شاندار افتتاح صادق کرکٹ گراؤنڈ چمن میں کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی کمانڈر چمن سکاوٹس برگیڈ برگیڈیئر شکیل احمد تھے جبکہ سی او چالیس ایف ایف لیفٹیننٹ کرنل محمد عثمان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فدا احمد بلوچ، ڈسٹرکٹ چیئرمین حاجی امان اللہ اچکزئی، جمعیت علماء اسلام تحصیل امیر مولانا مفتی محمد قاسم، قبائلی مشر حاجی ملک عبدالخالق اچکزئی، چمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر و چیئرمین ٹریڈ ایسوسی ایشن حاجی عمران خان کاکڑ، قاری محمد اسلم علم یار، سوشل ایکٹوسٹ محمد علی اچکزئی، محمد صدیق اچکزئی، ڈاکٹر رفیع اللہ، خان عبدالغفار خان، رفیع اللہ ٹھیکدار، اقلیتی برادری کے ویندر کمار، ملک عبدالحمید خان اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

افتتاحی تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا۔ یونین ٹائیگرز کرکٹ کلب نے ٹاس جیت کر مقررہ 20 اوورز میں 178 رنز کا ہدف کوژک کرکٹ کلب کو دیا جبکہ جواب میں کوژک کرکٹ کلب 156 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ اس موقع پر کمانڈر چمن سکاوٹس برگیڈ برگیڈیئر شکیل احمد اور دیگر مہمانوں کا دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے تعارف کرایا گیا اور گروپ فوٹو بھی بنایا گیا۔

بعد ازاں برگیڈیئر شکیل احمد نے سی او چالیس ایف ایف اور قبائلی مشر ملک عبدالخالق اچکزئی کی گیند پر شاٹ کھیل کر ٹورنامنٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ کھلاڑیوں اور آفیشلز سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ کیلئے ایف سی چمن سکاوٹس برگیڈ ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے تاکہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ “کھیل کے میدان آباد ہوں گے تو اسپتال ویران ہوں گے”۔

برگیڈیئر شکیل احمد نے کہا کہ “بنیان المرصوص” صرف ایک آپریشن نہیں بلکہ پاکستانی قوم کی غیرت، پاک فوج کی بہادری اور اللہ کی مدد کی علامت تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ اس آپریشن کو ایک سال مکمل ہو چکا ہے لیکن یہ فتح آج بھی قوم کے دلوں میں زندہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کو نفرت نہیں بلکہ امن، برداشت اور انسانیت کی ضرورت ہے، تاہم جب وطن کی حرمت پر آنچ آئے تو پوری قوم ایک دیوار بن جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن بنیان المرصوص نے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ اصل طاقت صرف ہتھیاروں میں نہیں بلکہ اتحاد، ایمان اور سچائی میں ہوتی ہے۔ تقریب کے اختتام پر برگیڈیئر شکیل احمد اور دیگر مہمانوں نے کھلاڑیوں اور آفیشلز میں بنیان المرصوص معرکۂ حق کی پرنٹڈ شرٹس تقسیم کیں جبکہ ٹورنامنٹ آرگنائزر اختر گلفام کو بہترین ایونٹ کے انعقاد پر شاباش دی گئی۔ ٹورنامنٹ کے پہلے روز دو میچز کھیلے گئے جن میں الخدمت کرکٹ کلب اور یونین ٹائیگرز کرکٹ کلب نے اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی کر لیا۔