آپریشن بنیان مرصوص کی پہلی سالگرہ پر مسیحی برادری کی عظیم الشان ریلی
پاک فوج، قومی قیادت اور شہداء کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا
میاں افتخار احمد
فیصل آباد: سردار خلیل طاہر سندھو کی قیادت میں آپریشن بنیان مرصوص کی پہلی سالگرہ کے موقع پر مسیحی برادری کی جانب سے وارث پورہ سے ڈی گراؤنڈ تک ایک عظیم الشان ریلی نکالی گئی جس میں مرد، خواتین اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی میں لالہ روبن ڈینیئل، پرویز اقبال بھٹی، شوکت کھوکھر، ارشد پرویز اور شمعون کامران سمیت دیگر رہنماؤں اور کارکنان نے بھرپور شرکت کی۔
شرکاء نے پاکستان، پاک فوج اور قومی یکجہتی کے حق میں نعرے لگائے جبکہ قومی پرچم اور بینرز بھی اٹھا رکھے تھے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص میں پوری پاکستانی قوم نے رنگ، نسل اور مذہب سے بالاتر ہو کر پاک فوج کا ساتھ دیا اور دنیا کو یہ پیغام دیا کہ پاکستان کے عوام اپنی افواج کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑے ہیں۔
مقررین نے کہا کہ صرف چوبیس گھنٹوں میں ہندوستان کو شکستِ فاش دے کر پاکستان نے اپنی عسکری طاقت، قومی اتحاد اور جذبۂ حب الوطنی کا عملی مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ثابت کر دیا کہ جنگیں صرف جدید ہتھیاروں سے نہیں بلکہ جذبۂ ایمانی اور حب الوطنی سے جیتی جاتی ہیں۔

تقریب کے مقررین نے پاک فوج کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جس کے چاروں اطراف دشمن موجود ہیں اور پاک فوج گزشتہ چالیس برسوں سے مسلسل چوبیس گھنٹے ہائی الرٹ رہ کر ملکی سلامتی کا فریضہ انجام دے رہی ہے۔
انہوں نے میاں محمد نواز شریف اور وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کی قیادت کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے نہ صرف ہندوستان کے خلاف مضبوط سفارتی مؤقف اختیار کیا بلکہ ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی میں اہم کردار ادا کر کے دنیا پر واضح کیا کہ پاکستان ہمیشہ امن کا داعی رہا ہے۔
ریلی کے اختتام پر شہداء پاکستان اور پاک فوج کے جوانوں کے لیے خصوصی دعا کی گئی جبکہ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسیحی برادری ملک کی سلامتی، ترقی اور استحکام کے لیے ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہے۔ ریلی “پاک فوج زندہ باد” اور “پاکستان پائندہ باد” کے نعروں سے گونج اٹھی۔