(Publish from Houston Texas USA)
(رپورٹ :۔طیب حبیب خان بیوروچیف ساہیوال ڈویژن)
وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز صاحبہ کے احکامات کی روشنی میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساہیوال محمد عثمان ٹیپو نے شدید دھند میں بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات کے پیشِ نظر ٹریفک ایڈوائزری پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے سڑکوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر ساہیوال تنویر بیگ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
ڈی پی او ساہیوال محمد عثمان ٹیپو اور ڈی ٹی او تنویر بیگ نے ٹریفک پولیس کے ہمراہ مختلف شاہراہوں پر شہریوں کو روک کر شہریوں میں حفاظتی اقدامات کی آگاہی فراہم کی اور گاڑیوں پر ریفلیکٹرز لگوائے تاکہ کم حدِ نگاہ کے دوران گاڑیاں دور سے واضح نظرآسکیں۔اس کے ساتھ ساتھ گاڑیوں کی ہیڈ لائٹس پر پیلا (Yellow) پیپر بھی لگایا گیا تاکہ فوگ لائٹس کی روشنی دھند میں مؤثر انداز میں نظر آئے اور حادثات سے بچاؤ ممکن ہو سکے۔اس موقع پر ڈی پی او ساہیوال محمد عثمان ٹیپو نے شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دھند کے موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنا نہایت ضروری ہے، معمولی سی غفلت جان لیوا حادثات کا سبب بن سکتی ہے۔ انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ رفتار کم رکھیں، محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں اور فوگ لائٹس و ریفلیکٹرز کا لازمی استعمال کریں۔ڈی پی او ساہیوال نے مزید کہا کہ ساہیوال پولیس اور ٹریفک پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے فیلڈ میں مکمل طور پر متحرک ہے اور ایسے عملی اقدامات کا مقصد عوام کو محفوظ بنانا اور ٹریفک حادثات کی روک تھام ہے۔آخر میں شہریوں سے اپیل کی گئی کہ وہ پولیس اور ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور جاری کردہ ٹریفک ایڈوائزری پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔
