(Publish from Houston Texas USA)
(راجہ محمد ایوب بیورو چیف منڈی بہاؤالدین)
ڈسٹرکٹ جناح پبلک سکول اینڈ کالج منڈی بہاؤالدین میں پوزیشن ہولڈر طلباء طالبات اور تعلیمی میدان میں شاندار نتائج دینے والے اساتذہ کے اعزاز میں سرٹیفکیٹس ، شیلڈز اور ٹرافیاں تقسیم کرنے کے لئے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔تقریب کے مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل راجہ حیدر عباس تھے۔ جبکہ ممبران بورڈ آف گورنرز میاں ظہیرالدین بابر، ملک صلاح الدین ایڈووکیٹ، شیخ محمد اعجاز ،محمد ذوالقرنین ساہی، بیورو چیف سماء لاہور و نمائمدہ پی ٹی وی نیوز منڈی بہاؤالدین راجہ محمد ایوب ، اساتذہ اور طلباءطالبات کی بڑی تعداد نے بھی تقریب میں شرکت کی ۔مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راجہ حیدر عباس اور پرنسپل پروفیسر طارق جاوید اور ممبران بورڈ آف گورنرز نے پوزیشن ہولڈر طلبا و طالبات اور بہترین کارکردگی دکھانے والے اساتذہ میں ٹرافیاں شیلڈز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل پروفیسر طارق جاوید کا تعلیمی میدان میں شاندار نتائج دینے والے اساتذہ اور پوزیشن ہولڈر طلباء طالبات کو مبارک باد دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ جناح پبلک سکول اینڈ کالج منڈی بہاؤالدین ضلع کا ایک مثالی تعلیمی ادارہ ہے جہاں اساتذہ کی محنت اور لگن کی بدولت ہر سال طلباء طالبات تعلیمی بورڈ میں پوزیشن حاصل کر کے ملک اور قوم کا نام روشن کرتے ہیں ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راجہ حیدر عباس نے کہا کہ طلباءو طالبات کیلئے نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ صحت مندانہ غیر نصابی سرگرمیوں میں بھی حصہ لینا ضروری ہے۔ کھیلوں کے انعقاد سے آؤٹ ڈور سرگرمیاں نوجوانوں کی ذہنی اور جسمانی نشوونما کیلئے بے حد ضروری ہیں۔
