(Publish from Houston Texas USA)
(میاں افتخار احمد)
’’ہیلو فیصل آباد‘‘ سینٹرل کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم شروع کرنے کی تیاری، شہری تحریری، فوٹو اور آڈیو شکایات درج کرا سکیں گے۔
فیصل آباد: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق شہریوں کے میونسپل کارپوریشن، واسا، پی ایچ اے، ایف ڈی اے، پنجاب فوڈ اتھارٹی، تحفظ ماحول، بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی سے متعلق مسائل اب ایک ہی واٹس ایپ میسج پر حل ہوں گے۔ میونسپل سروسز کی فراہمی کے حوالے سے شکایات کے اندراج اور تیز رفتار ازالے کے لیے ’’ہیلو فیصل آباد‘‘ کے نام سے سینٹرل واٹس ایپ نمبر شروع کرنے کے اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں BILYTICA کمپنی کے ماہرین نے ویڈیو لنک کے ذریعے سینٹرل کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کی ورکنگ پر بریفنگ دی۔ کمشنر فیصل آباد نے کہا کہ شہریوں کے لیے شکایات درج کرانے کا طریقہ کار انتہائی سادہ بنایا جائے گا اور سینٹرل واٹس ایپ نمبر پر موصول ہونے والی تحریری، فوٹو یا آڈیو شکایت کو فوری طور پر متعلقہ محکمے کو منتقل کیا جائے گا جبکہ شکایت کے حل کے بعد درخواست گزار سے فیڈبیک بھی سسٹم میں شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی شکایات کے حل کا یہ نظام فیصل آباد میں پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر شروع کیا جا رہا ہے جسے کامیابی کی صورت میں ڈویژن کے دیگر اضلاع میں بھی نافذ کیا جائے گا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ کمپنی کے ماہرین آئندہ چند روز میں فیصل آباد میں متعلقہ محکموں کے افسران کے ساتھ سسٹم کی عملی ورکنگ سے متعلق ورکشاپ کا انعقاد بھی کریں گے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے
